جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے آج ضلع کپواڑہ کے قلمونہ میں ہلاک شدہ پولیس سب انسپکٹر ارشد اشرف بٹ کے لواحقین سے تعزیت پرسی کی۔ انہوں نے کہا کہ ارشد اشرف ایک بہادر جوان تھا۔اس کی ہلاکت رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ارشد کے قاتلوں کو جلد ہی کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔
ان کے ہمراہ آئی جی پی کشمیر زون وجے کمار، ڈی آئی جی شمالی کشمیر، ایس ایس کپواڑہ سندیپ چکروتی، ایس پی ہندواڑہ سندیپ گپتا، اے ایس پی ہندواڑہ مشکور احمد اور ضلع کے سینیئر پولیس افسران موجود تھے۔
مزید پڑھیں:شمالی کشمیر میں ملیٹنسی کا گراف کم ہوا: دلباغ سنگھ
دلباغ سنگھ نے مقتول پولیس اہلکار کے گھر کا جاکر غمزدہ کنبہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ ڈی جی پی نے لواحقین کو تسلی دی اور سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور مرحوم کی روح کی سکون کے لیے دعا کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مقتول پولیس اہلکار کے خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
ہم آپ کو بتادیں کہ ارشد اشرف کچھ دن قبل ہی سب انسپکٹر بنے تھے اور سرینگر خانیار پولیس اسٹیشن میں وہ خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں سرینگر کے خانیار علاقے میں عسکریت پسندوں نے گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔