کولکاتا: ترنمول کانگریس اور گورنر جگدیپ دھنکر کے درمیان ایک بار پھر لفظی جنگ تیز ہوگئی ہے۔ گورنر نے حلف برداری کے دوران ہی ممتا بنرجی کی توجہ ریاست میں ہونے والے تشدد کے واقعات کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا تھا کہ چھوٹی بہن کی حیثیت سے میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ اب آپ نے وزارت اعلیٰ کا عہد ہ سنبھال لیا ہے تو ریاست میں فوری طور پر لا اینڈ آرڈر کو بحال کیا جائے۔
گورنر کی اس فرمائش پر ممتا بنرجی نے کہا کہ چوں کہ اب تک لا اینڈ آرڈر الیکشن کمیشن کے ہاتھ میں تھا۔ اب بڑے پیمانے پر انتظامی تبادلے کئے جائیں گے اور امن و امان قائم کیا جائے گا۔ فساد پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
حلف برداری کی تقریب کے بعد ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈروں نے گورنر کے اس رویے کی سخت تنقید کی ہے۔ ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر سبرتو مکھرجی نے کہا کہ گورنر کے ریمارکس انتہائی اشتعال انگیز ہیں۔ ابھی ایک نئی حکومت نے حلف ہی لیا ہے۔ اس کے باوجود گورنر نے اس رویے کا مظاہرہ کیا ہے۔
پارتھو چٹرجی نے کہا کہ گورنر اپنے پرانے رویے کی طرف لوٹ گئے ہیں۔
خیال رہے کہ گورنر نے حلف برداری کے بعد کھڑے ہوکر ممتا بنرجی کی توجہ اس جانب مبذول کرانے لگے۔ ترنمول قیادت نے گورنر کے اس طرز عمل کو بدصورت اور قابل مذمت قرار دیا ہے۔
ممتا بنرجی نے بدھ کی صبح دس بج کر 45 منٹ پر تیسری بار ریاست کی وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا۔ انہیں گورنر جگدیپ دھنکر نے حلف دلایا۔ حلف برداری کی تقریب میں مدعو افراد کے ساتھ شکریہ کے تبادلے کے ساتھ دھنکر نے ریاست میں امن وامان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور بنگال کو ایک مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔ ریاست میں انتخابات کے بعد تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔ گورنر نے طنزیہ لہجے میں کہا کہ مجھے امید ہے کہ نئی حکومت انتخابات کے بعد تشدد کے واقعات پر قابو پائے گی۔
یو این آئی