کولکاتا: سی پی آئی ایم کے قومی جنرل سیکریٹری سیتا رام یچوری نے کہا کہ ریاست مغربی بنگال میں آئندہ ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ہمارا مقصد بی جے پی کو شکست دینا ہے۔ سی پی آئی ایم کی ہر ممکن کوشش ہوگی کہ بی جے پی کو بنگال میں اقتدار سے دور رکھا جائے۔'
انہوں نے اس سلسلے میں سیکولر جماعتوں سے ایک ساتھ آنے کی اپیل کی، ان کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ بنگال اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینا ہے تو سب کو ایک ساتھ مل کر بی جے پی کے خلاف لڑنا ہوگا۔ ہمارا مقصد بی جے پی کو شکست دینا ہے ہم ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں جن کا مقصد بی جے پی کو شکست دینا ہے۔'
اس موقعے پر انہوں نے ترنمول کانگریس کے ساتھ مل کر بی جے پی کا مقابلہ کرنے کے کے تعلق سے کہا کہ' ترنمول کانگریس کے خلاف لوگوں میں غصہ و ناراضگی ہے۔ اگر ہم ترنمول کانگریس کے ساتھ جائیں گے تو لوگوں میں حکمراں جماعت کے خلاف جو ناراضگی ہے اس کا فائدہ راست طور پر بی جے پی کو ہوگا۔'
انہوں نے کہا کہ بایاں محاذ نے بنگال میں 34 برسوں تک حکومت کی ہے۔ جس میں 9 حلیف جماعتیں شامل تھیں۔ ایک بار پھر ہم لوگوں کے سامنے ایک متبادل کے طور پر سامنے آئے ہیں ایسے میں ہم اگر ترنمول کانگریس کے ساتھ جائیں گے تو عوام ہم پر بھروسہ کیسے کریں گی۔ کانگریس کے ساتھ ہمارا اتحاد ہوا ہے۔ باقی باتوں پر ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے۔ ہمیں بی جے پی کو شکست دینا ہے۔ یہی ہمارا سب سے اہم مقصد ہے۔'
انہوں نے کہا کہ لوگوں کے دل میں سوال ہے کہ لیکشن میں کس طرح کی بہتری آئے گی۔ لوگ چاہتے ہیں کہ کوئی متبادل آئے اور وہ متبادل ہم ہیں۔ الیکشن کے بعد کس طرح سے لوگوں کی زندگی میں بہتری آئے اس سوال کا جواب نہ بی جے پی کے پاس ہے اور نہ ہی ترنمول کانگریس کے پاس اس کا جواب ہے۔ لیکن ہمارے پاس اس کا جواب ہے کہ کس طرح سے اس الیکشن کے بعد لوگوں کی زندگی میں بہتری لائی جائے'۔