مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا اور اس سے متصل اضلاع شمالی 24 پرگنہ، جنوبی 24 پرگنہ، ہوڑہ اور ہگلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ریاست کے مختلف اضلاع میں دن بھر بارش ہونے کے سب عام لوگوں کو بڑی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف مقامات پر ٹریفک نظام درہم برہم ہو کر رہ گئی۔
جنوبی کولکاتا میں واقع علی پور محکمہ موسمیات سے موصولہ اطلاع کے مطابق اگلے تین چار دنوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایک بار پھر ہواؤں کا دباؤ بننے لگا ہے جس کے سبب خلیج بنگال میں طوفان کے آنے کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔ علی پور محکمہ موسمیات کی ہدایت کے بعد ضلع انتظامیہ نے ساحلی اضلاع جنوبی 24 پرگنہ، شمالی 24 پرگنہ اور مشرقی مدنی پور میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔
علی پور محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی 24 پرگنہ کے ماہی گیروں کو اگلی ہدایت ملنے تک خلیج بنگال کے قریب سمندر میں کشتی نہ اتارنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دوسری طرف ہوڑہ، مشرقی مدنی پور، بردوان اور ندیا ضلع میں ڈی وی سی کے ذریعہ پانی چھوڑے جانے کے سبب سیلابی صورتحال ہے۔ بیشتر علاقوں اور گاؤں پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ عام لوگوں کو کیمپوں میں رکھا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:
کولکاتا: مسلسل بارش کے سبب کئی علاقے زیر آب
ریاستی سکریٹریٹ بلڈنگ نبنو سے موصولہ اطلاع کے مطابق اب تک 23 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں راحت رسائی کا کام جاری ہے۔