مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے ٹیٹا گڑھ تھانہ علاقے میں واقع کیلوین جوٹ مل میں دو ماہ کے دوران چار مرتبہ آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کیلوین جوٹ مل میں آتشزدگی کا تازہ واقعہ آج دن میں پیش آیا۔ جوٹ مل کے پاٹ گھر سے دھنواں نکلتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد یہ دھنواں دیکھتے ہی دیکھتے بھیانک آتشزدگی کی شکل اختیار کر گیا اور دوسرے ڈیپارٹمنٹ تک پھیل گیا۔
فائر بریگیڈ کی تین گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ اس آتشزدگی میں لاکھوں کا نقصان ہوگیا ہے۔
فائر بریگیڈ کے عملے کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے، لیکن زیادہ امید ہے کہ یہ آتشزدگی شارٹ سرکٹ کے سبب لگی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے، لیکن پاٹ گھر میں رکھے پاٹ جل کر خاک ہو گئے ہیں۔
بیرکپور میونسپلٹی کے چیئرمین شانتا چودھری نے کہا کہ فائر بریگیڈ کی تفتیش جاری ہے، جس کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا کہ یہ حادثہ کیسے پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ چند مہینوں کے اندر اسی مل میں آگ لگنے کا یہ چوتھا واقعہ ہے۔
واضح رہے کہ ٹیٹاگڑھ کے جوٹ مل میں گزشتہ دو مہینوں کے دوران آتشزدگی کا یہ چوتھا واقعہ پیش آیا ہے، فائر بریگیڈ مل انتظامیہ کو کئی نوٹس بھی بھیج چکا ہے۔