کولکاتا: مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے بدھان نگر میں واقع سالٹ لیک اسٹیڈیم میں ڈورنڈ کپ 2021 کے گروپ سی میں کیرالہ بلاسٹرس کے خلاف آئی ایس ایل کی سابقہ چمپئن ٹیم بنگلورو ایف سی نے شروعات کی۔
سالٹ لیک اسٹیڈیم میں آئی ایس ایل کی دو بہترین ٹیموں کیرالہ بلاسٹرس اور بنگلورو ایف سی کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا۔
پہلے ہاف کے انجوری ٹائم 45+1 ویں منٹ پر بامنگل بھوٹیا نے گول کرکے بنگلورو ایف سی کو ایک صفر کی سبقت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کی جانب سے عمدہ اور جارحانہ کھیل دیکھنے کو ملا، کیرالہ بلاسٹرس کے کھلاڑی اسکور برابر کرکے میچ میں واپس آنے کی بھر پور کوشش کی۔
کیرالہ بلاسٹرس کی ٹیم کو جارحانہ حکمت عملی اپنانے کی اس وقت بھاری قیمت چکانی پڑی جب آر وی ہورمیپام کو ریڈ کارڈ دیکھ کر میدان سے باہر جانا پڑا۔
یہ پڑھیں: آئی پی ایل 2021: اسٹیڈیم میں ہوگی شائقین کی واپسی
کھیل کے 65 ویں منٹ پر بنگلورو ایف سی نے حریف ٹیم کے ایک کھلاڑی کم ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لیون سگسٹین کے گول کی بدولت اپنی سبقت 0-2 کرلی۔
کیرالہ بلاسٹرس کی ٹیم دو صفر گول سے پچھڑنے کے باوجود جارحانہ کھیل کی حکمت عملی اپنائے رکھی جس کے نتیجے میں اس کے دو اور کھلاڑی سندیپ سنگھ (83 ویں منٹ ) اور دھن چندرا سنگھ (85 ویں منٹ پر) سرخ کارڈ دیکھ کر میدان سے باہر چلے گئے۔
مزید پڑھیں: پانچ ماہ بعد علی پور چڑیا خانہ عام لوگوں کے لئے کھول دیا گیا
تین کھلاڑیوں کے ریڈ کارڈ دیکھ کر میدان سے باہر جانے کے باوجود کیرالہ بلاسٹرس نے اسکور برابر کرنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن ناکام رہی۔
نوشاد موسی کی تربیت یافتہ ٹیم بنگلورو ایف سی 0-2 گول سے میچ جیت کر ڈورنڈ کپ 2021 کے گروپ سی میں اپنی مہم شاہانہ انداز میں آغاز کیا۔