ذرائع کے مطابق آسنسول، سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے مغربی بنگال میں سرحد پار سے گائے اسمگلنگ ریکٹ میں ٹی ایم سی کے نوجوان رہنما 'مفرور' ونئے کمار مشرا کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا ہے۔
مشرا جو ترنمول یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹریز میں سے ایک ہے، کو گزشتہ ایک ماہ میں سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے متعدد بار طلب کیا تھا۔ تاہم انہوں نے سبھی سمنز کو نظر انداز کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ آخری سمن 19 جنوری کو جاری کیا گیا تھا اور سی بی آئی نے ان کے خلاف لُک آؤٹ (Lookout) نوٹس بھی جاری کیا تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سی بی آئی نے حال ہی میں کولکاتا کے رشبیہاری ایوینیو علاقے میں مشرا کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا لیکن 'مفرور' ہونے کی وجہ سے انہیں گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی۔
مرکزی ایجنسی مویشیوں کی اسمگلنگ کے سلسلے میں بڑی سازش کی تحقیقات کر رہی ہے۔ یہ کریک ڈاؤن اس سال اپریل - مئی میں ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات سے قبل انجام دیا جا رہا ہے۔
سی بی آئی نے گزشتہ برس ستمبر میں چھ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی، جن میں کچھ بارڈر سکیورٹی فورس اور کسٹم آفیسرز بھی شامل تھے، جنہیں مبینہ طور پر بین الاقوامی مویشی اسمگلروں نے رشوت دی تھی۔