مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2021 میں ترنمول کانگریس نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بدھ کو ممتا بنرجی تیسری مرتبہ وزیراعلیٰ کا حلف لیں گی جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
اس دوران ریاست میں جاری سیاسی تصادم کے خلاف بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے ترنمول کانگریس کے خلاف سڑکوں پر اترنے کا اعلان کیا ہے تو دوسری جانب ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما فرہاد حکیم نے بی جے پی کے رہنماؤں پر ممتا بنرجی کی حلف برداری تقریب کو ناکام بنانے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو گورنر جگدیپ دھنکر کو فون کرنے کے بجائے سیرم انسٹی ٹیوٹ اور بھارت بائیو ٹیک کو فون کرنا چاہئے تھا۔ فرہاد حکیم کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب ملک میں افراتفری کا عالم ہے۔ روزانہ ہزاروں لوگوں کی موت ہو رہی ہے لیکن مرکزی حکومت کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے.
ترنمول کانگریس کے رہنما نے گورنر جگدیپ دھنکر پر بی جے پی کی مرکزی حکومت کے ترجمان کے طور پر کام کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان جھڑپوں کے نام پر بنگال میں ماحول بگاڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ فرہاد حکیم نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کو اترپردیش، گجرات، بہار اور مدھیہ پردیش کے حالات پر نظر رکھنی چاہئے۔
واضح رہے کہ 5 مئی کو ممتابنرجی تیسری مرتبہ وزیراعلیٰ کے عہدہ کےلیے حلف لیں گی تو دوسری جانب بی جے پی صدر جے پی نڈا کولکاتا میں دھرنے پر بیٹھیں گے۔