اے آئی ایم سربراہ و رکن پارلیمان اسدالدین اویسی نے مغربی بنگال کے مرشدآباد ضلع کے ساگر دیگھی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کے پور طرح تیار ہے'۔
انہوں فی الحال دو نشستوں کے متعلق جانکاری دی جہاں الیکشن میں ان کے امیدوار مقابلہ کریں گے۔ مرشدآباد کے ساگر دیگھی اور جالنگی سے ان کے امیدوار مقابلہ کریں گے۔ ساگر دیگھی سے ایم آئی ایم کے امیدوار نور محبوب عالم ہوں گے جبکہ جالنگی سے کون امیدوار ہوگا اس کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
اسد الدین اویسی نے مرشدآباد ضلع میں جلسے خطاب کرتے ہوئے حکمران جماعت ترنمول کانگریس پر شدید نکتہ چینی کی۔ انہوں نے ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی پر اپنے دس سالہ حکومت میں ریاست کے اقلیتوں خصوصی طور پر مسلمانوں کے لیے کچھ نہیں کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نےکہاکہ مسلمانوں نے 70 برسوں تک پہلے کانگریس پھر بایاں محاذ اور دس برسوں تک ترنمول کانگریس کو ووٹ دیا لیکن کسی بھی پارٹی نے مسلمانوں کے لیے کچھ نہیں کیا۔'
ممتا بنرجی جو خود کو مسلمانوں کی خیر خواہ بتاتی ہیں۔ انہوں نے 2021 کے اسمبلی انتخابات کے منشور میں مسلمانوں کے مسائل کا ذکر نہیں کیا۔ گذشتہ الیکشن میں بار بار مسلمانوں کا نام لے رہی تھیں لیکن اس بار ان کی زبان پر مسلمانوں کا کوئی ذکر نہیں ہے۔'
انہوں نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں اپنے امیدواروں کے متعلق کہا کہ فی الحال دو نشستوں ساگر دیگھی اور جالنگی میں امیدوار اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہم کلی طور پر کتنے امیدواروں کو نامزد کریں گے اس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بنگال اسمبلی انتخابات میں ان کی جماعت کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی اتحاد نہیں ہے۔