ریاست بہار کے ضلع مدھیہ پورہ کے کمار کھنڈ تھانہ حلقہ کے باشندہ رام بالک شرما کے 15 سالہ لڑکے دھرج کمار کو موٹر سائیکل سوار تین بدمعاشوں نے اسلحہ کے زور پر دن دہاڑے اغوا کرلیا۔
مقامی لوگوں نے بدمعاشوں کا پیچھا بھی کیا لیکن تب تک وہ بچے کو لے کر کافی دور نکل چکے تھے۔
اس دوران تھانہ سرینگر کے پورینی پنچایت گاؤں سپپردہ نامی گاؤں کے لوگوں کی نظر بدمعاشوں پرگئی،مقامی لوگوں نے چاروں طرف سے بدمعاشوں کو گھیر لیا اور بچے کو اغوا کار کے چنگل سے آزاد کرایا۔
اس موقع پر دو بدمعاش لوگوں کو چکمہ دیکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، لیکن ایک بدمعاش کو لوگوں نے پکڑ کر زبردست پٹائی کر دی، بعد میں موقع پر پہنچی پولیس کے حوالے کر دیا۔
۔
بچہ چوری کی خبرعلاقہ میں آگ کی طرح پھیل گئی، لوگ اغواکار کو دیکھنے کے لیے کمار کھنڈ پہنچنے لگے دیکھتے ہی دیکھتے وہاں سیکڑوں کی تعداد جمع ہوگئی۔
گرفتار ملزم کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ضلع سپول کے جڈیہ تھانے کے تحت پراسادگیڈی پنچایت وارڈ 1 کا رہائشی رمیش کمار ہے۔ جبکہ دو ملزمین پرکاش کمار اور دنیش کمار لوگوں کو چکمہ دیکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
اس سلسلے میں تھانہ انچارج بھویش پرساد چودھری نے بتایا کہ بچے کے والد کی درخواست پر ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے اسے جیل بھیجنے کی تیاری کی جارہی ہے۔