ریاست اترپردیش کے شہر کانپور کے جوہی تھانہ علاقہ میں پرمپوروا کے رہنے والے اور 'صوفی اسلامی بورڈ' کے قومی ترجمان کوثر حسن مجیدی کو پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے دفتر سے دھمکی آمیز خط موصول ہونے کا الزام ہے، خط اردو میں لکھا گیا ہے جس میں کوثر مجیدی کو سر قلم کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
خط پڑھنے کے بعد محمد کوثر حسن مجیدی نے پولیس کو 112 ڈائل پر شکایت درج کرائی ہے تاہم پولیس موقع پر پہنچ گئی اور خط کو اپنے قبضے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔
خیال رہے کہ یہ معاملہ ضلع کے جوہی تھانے کے تحت ایس آر اے پبلک اسکول پرم پوروا کا ہے۔ خط میں لکھا ہے کہ بورڈ کے قومی صدر منصور خان اور کوثر مجیدی کی لاشیں غائب کردیا جائے گا یہ خط کمال خان پی ایف آئی آفس کے نام سے بھیجا گیا ہے۔
اس خط میں انہیں غدار کہتے ہوئے انہیں بی جے پی اور سنگھ کی طرز پر کام کرنے، احتجاجی مظاہرے کرنے اور اجمیر شریف درگاہ کے خادم پر رپورٹ درج کرانے کے معاملے میں معافی مانگنے کو کہا ہے اور ایسا نہ کرنے پر سر قلم کرکے جنازے کو ترسنے کی بات کہی گئی ہے۔
واضح رہے کہ صوفی اسلامی بورڈ گزشتہ برس نومبر سے ہی پی ایف آئی پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔