اترپردیش کے ضلع کانپور کے چکیری علاقے میں اتوار دیر رات پانی کی چھینٹیں پڑنے کے سلسلے میں دو فریقین میں ہوئی مارپیٹ میں ایک شخص کی موت ہوگئی۔
پولیس ذرائع نے پیر کو یہاں بتایا کہ ججمئو کے واجدپور باشندہ پنٹو اپنے بڑے بھائی دیپک اور دوست سندیپ کے ساتھ جارہے تھے۔ اسی دوران راستے میں پانی کی دکان پر کھڑے ہو کر پانی کی پاؤچ کھول کر پانی پینے لگے۔ اس دوران کچھ چھینٹیں سڑک سے گذ رہے ایک نوجوان اور اس کے ساتھیوں پر پڑگئی۔
اس پر دونوں کے درمیان تنازع ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے مارپیٹ شروع ہوگئی۔ مقامی افراد نے دونوں کے درمیان صلح کرا کر معاملے کو سلجھا دیا لیکن اس دوران ان لوگوں نے فون کر کے اپنے دو درجن دیگر ساتھیوں کو بھی بلا لیا اور انہوں نے آتے ہی پتھراؤ شروع کردیا۔ اس مارپیٹ میں پنٹو شدید طور سے زخمی ہوگیا۔ پولیس نے شدید طور سے زخمی پنٹو کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹرو ں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
علاقے میں بڑھتی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے موقع پر پولیس فورس اور پی اے سی تعینات کر دی گئی ہے۔ پولیس نے چار ملزمین کو گرفتار کیا ہے جبکہ دیگر ملزمین کی تلاش جاری ہے۔