ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ نے مارچ کے مہینے میں سختی کے ساتھ پابندیاں عائد کی ہیں جس سے عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ وہیں غریب طبقے سے وابستہ لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
جموں میں بیرون ریاست سے آئے ہوئے کباڑ اکٹھا کرنے والے اور ڈھولکی کا کام کرنے والے لوگ اس لاک ڈاؤن میں دو وقت کی روٹی کے لئے ترس گئے ہیں اور اب یہ تارپولوں کے بنائے ہوئے عارضی خیموں میں رہ کر جیسے تیسے اپنی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
ریاست اترپردیش کے بارہ بنکی ضلع کی رہنے والی ایک خاتون تارا کا کہنا ہے کہ وہ 6 برسوں سے جموں میں ڈھول ڈفلی بجا کر یا ردی کے کاغذ اور کوڑا کچرا جمع کر کے اسے بیچتی تھیں اور اپنا روزگار کماتی تھی۔ تاہم کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے سرکار کی جانب سے لاک ڈاون نافذ کیا گیا جس کی وجہ سے ہمارے اس چھوٹے سے کاروبار پر برا اثر پڑا ہے کیونکہ لوگ اب اسے خریدنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ ہمیں مال بیچنے میں دشواریاں ہو ہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ زندگی میں ہمیں پہلی بار اس طرح کی مشکلات سے گزرنا پڑ رہا ہے اور اب ہم اپنے گھر بھی واپس نہیں جا پارہے ہیں۔ مشکل سے ایک وقت کی روٹی ملتی ہے۔
وہیں ہمت علی کا کہنا تھا کہ ہم ڈھول بیج کر بچوں کو پالتے تھے لیکن اس بار جموں میں لاک ڈاون ہونے سے ہمارے کام پر برا اثر پڑا ہے۔ اب ہم گھر بھی واپس نہیں جا پارہے ہیں۔ انہوں نے سرکار سے اپیل کی ہے کہ اس مشکل حالات میں ان کی مدد کی جائے۔