جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر وسابق وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر محبوبہ مفتی نے وادی کشمیر کے شہر سرینگر کے حیدرپورہ میں گذشتہ دنوں شہری ہلاکتوں کے خلاف جموں میں احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ 'عسکریت پسندوں کا بہانہ بنا کر عام لوگو ں کو قتل عام کیاجارہا ہے، جس کو برداشت نہیں کیا جائے گا'۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت جموں وکشمیر کے عوام کو ظلم اور تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔ جموں میں پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں و کارکنان کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہورہی ہلاکتوں کے بعد اب لاشیں بھی اہل خانہ کے سپرد نہیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام شہریوں کو مبینہ طور پر قتل کر کے ان کو عسکریت پسندون کا اعانت کار بنادیا جاتا ہے، جو کہ کشمیری عوام کےساتھ نا انصافی اور زیادتی ہے۔ احتجاج کے دوران پارٹی کارکناں نے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے جن پر 'نریندر مودی ہوش میں آؤ ' جیسے نعرے تحریر کیے گئے تھے۔