ملزم کی شناخت وجے گل ولد جسونت گل ساکنہ پریت نگر جبکہ مقتولہ کی شناخت شیتل کے طور پر ہوئی ہے۔ ملزم وجے گل کو اپنی بیوی کے کردار پر شک تھا اور اسی شک کی بنیاد پر اس نے اپنی بیوی کا قتل کیا۔
ایس ایس پی جموں تجیندر سنگھ نے نامہ نگاروں کو قتل اور ملزم کی گرفتاری کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا 'جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ گذشتہ شام باہو پلازہ علاقہ میں قتل کا واقعہ پیش آیا۔ ہمیں اپنے ذرائع سے معلوم کہ باہو پلازہ علاقہ میں ایک لڑکی کو چھری مار کر قتل کیا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ بعد میں لڑکی کی شناخت شیتل زوجہ وجے ساکنہ پریت نگر جموں کے طور پر ہوئی'۔
انہوں نے کہا 'متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کی طرف سے تحقیقات شروع کی گئی۔ دو تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ تحقیقات کے دوران یہ پایا گیا کہ مذکورہ لڑکی کو اس کے شوہر نے ہی مار ڈالا تھا۔ اس نے پوچھ گچھ کے دوران اپنا جرم قبول کیا۔ وجے نے بتایا کہ انہیں اپنی بیوی کے کردار پر شک تھا۔ جس ہتھیار سے اس لڑکی کو مارا گیا تھا وہ بھی برآمد کیا گیا ہے'۔