کشمیری پنڈتوں کے کشمیر سے انخلاء پر مبنی فلم 'دی کشمیر فائلز' ان دنوں سُرخیوں میں ہے۔ ہندوتوا ذہنیت کے لوگ اسے حقیقت پر مبنی قرار دے کر اسے باکس آفس پر سُپر ہٹ بتارہے ہیں تو وہیں ناقدین اس کو حقائق سے کوسوں دور بتاتے ہوئے اسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا الزام لگارہے ہیں۔
ملک کے مختلف حصوں کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی متنازع فلم 'دی کشمیر فائلز' پر سیاسی و سماجی رہنماؤں کے بیانات سامنے آئے ہیں تاہم کشمیری مہاجر پنڈت سنیل پنڈتا نے اس فلم کے خلاف اپنا ردعمل ظاہر کیا جس کے بعد سنیل پنڈتا کے گھر کے باہر بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنان نے نعرے بازی کی۔ BJP Workers Threaten Kashmiri Pandit
سنگین حالات میں بھی کشمیر نہ چھوڑنے والے پنڈت سنیل پنڈتا نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ گفتگو کے دوران بتایا کہ فلم نے جن واقعات کا ذکر کیا گیا ہے وہ رونما تو ہوئے ہیں لیکن اُن کی عکاسی نہایت مبالغہ آرائی اور اشتعال کے ساتھ کی گئی ہے جبکہ اس دوران کشمیری مسلمانوں کو بھی ہلاک کیا گیا تھا اس پر بھی نظر ڈالنا ضروری ہے۔
سنیل پنڈتا کے مطابق دی کشمیر فائلز' فلم سبھی کشمیری مسلمانوں کو عسکریت پسندوں کے طور پیش کرتی ہے جو کہ غلط بات ہے۔ مجھے یاد ہے جب حالات خراب تھے، افرا تفری کا ماحول تھا تو کتنے پنڈت خاندانوں کو کشمیری مسلمانوں نے بچایا اور آج جب میں سچ بولتا ہوں تو آر ایس ایس اور بی جے پی سے وابستہ افراد مجھے دھمکیاں دے دیتے ہیں۔
سنیل پنڈتا نے مزید کہا کہ 'کل بھی میرے گھر کے بار احتجاج کیا گیا نعرے بازی کی گئی لیکن میں سچ بولتا رہوں گا۔ ملک کے عوام کو میں کشمیری پنڈتوں کے بارے میں سچ کہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کارکنان نے اپنا ضمیر چند پیسوں کے لیے بیچ دیا ہے لیکن میں سچ بولتا رہوں گا۔
سنیل نے کہا کہ یہ یکطرفہ فلم ہے۔ اگر ہم 90 کی دہائی میں کشمیر چھوڑ کر جموں آئے ہیں تو آج تک ہم عارضی طور پر بنائے ہوئے خیموں میں ہی اپنی زندگی گزر بسر کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ 'دی کشمیر فائلز' فلم حالیہ دنوں میں ریلیز ہوئی ہے اور وزیر اعظم نزیندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جی پی کے دیگر وزرا نے اس فلم کی تعریف کی ہے اور عوام کو اس کو دیکھنے کی تلقین بھی کی۔
دی کشمیر فائلز فلم وویک اگنی ہوتری کی ہدایت کاری، انوپم کھیر اور متھن چکرورتی کی اداکاری میں بنی ہے۔ چھوٹے بجٹ کی یہ فلم باکس آفس پر خوب کمائی کر رہی ہے اور کچھ فلم ماہرین کا تو ماننا ہے کہ یہ بلاک بسٹر ثابت ہوگی۔ وہیں اس فلم کی ریٹنگ پر بھی سوال اٹھنے لگے ہیں۔