ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں دن بہ دن اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جموں و کشمیر میں اتوار کو کورونا سے 59 نئی اموات ریکارڈ کی گئیں۔ جب کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4141 لوگ اس وبا میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت نے سپر اسپیشلٹی ہسپتال جموں میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر ڈاکٹر فرقان نظامی سے خاص بات چیت کی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 'کورونا وائرس سے بچنے کے لیے بھیڑ والی جگہ جانے سے بچیں۔ اگر وہاں جاتے بھی ہیں تو ماسک لگا کر جائیں۔'
انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی علامات بہت ہی عام ہیں۔ کھانسی، سردی اور زکام جیسی علامات نظر آتی ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ بدلتے موسم کے ساتھ ہر کسی کو کورونا وائرس ہو تاہم احتیاط کرنا ہی ضروری ہے۔
واضح رہے کہ فروری ماہ کے اوائل میں جموں و کشمیر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 600 سے بھی کم ہو گئی تھی لیکن اب ان کیسز میں مزید اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
اس وقت تک جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 244608 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں، تاہم ان میں سے 189836 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔