سابق مرکزی وزیر بھنور جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ راجستھان میں کانگریس کے پاس اکثریت کے لحاظ سے ایم ایل اے موجود ہیں لہذا ریاستی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
سنگھ نے آج راجستھان کے الور میں کہا کہ سچن پائلٹ کی کوئی شناخت ہے تو صرف کانگریس سے ہی ہے۔ کانگریس حکومت میں پائلٹ کو کانگریس میں توجہ نہ دینے اور وزیراعلی اشوک گہلوت سے خوش نہ ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ جھوٹ ہے۔ سچن پائلٹ میرے دوست ہیں، ساتھ میں وزیر رہے ہیں اور کم عمر میں کانگریس نے ان کو اتنی بڑی شناخت دی ہے، یہ کم بات نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹی عمر میں رکن پارلیمنٹ بننا، ریاستی صدر بننا، مرکزی وزیر بننا، راجستھان کا نائب وزیراعلی بننا، پارٹی نے ہی انہیں اتنا بڑا بنایا ہے اور آج ان کی شناخت پارٹی کی وجہ سے ہی ہے۔ انہیں نوجوان ہونے کے ناطے کئی مواقع دیے گئے۔
بھنور جتیندر سنگھ نے کہا کہ سیاست میں نوجوانوں کو سب سے زیادہ مواقع کانگریس نے ہی دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے قومی رہنما راہل گاندھی نے نوجوانوں کو سب سے زیادہ کانگریس میں موقع دیا ہے۔ کشمیر سے کنیا کماری تک سبھی نوجوانوں کو سیاست میں موقع دیا گیا۔ یہ افسوسناک بات ہے کہ نئی نسل کانگریس کے سینئر رہنماؤں سے سیکھنا نہیں چاہتی۔