لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی زبردست جیت کے بعد سخت گیر ہندو تنظیم راشٹریہ سوم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت نے ایودھیا میں رام مندر بنانے پر زور دیا۔
ادے پور میں ایک اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے بھاگوت نے کہا کہ رام ہمارے اندر بستے ہیں، اس لیے رام مندر کی تعمیر ہمارا کام ہے اور ہم اسے اپنے آپ کریں گے۔
اس سے قبل ہندو روحانی رہنما موراری باپو نے ایک اجلاس میں کہا کہ ملک دہائیوں سے رام نام جپتا رہا ہے، لیکن اب ہمیں رام کا کام بھی کرنا ہے۔
اس کے بعد بھاگوت نے کہا کہ موراری باپو نے جو پیغام دیا ہے اسے یاد رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ بتاتی ہے کہ جس ملک کے لوگ بیدار، قابل، فعال اور مضبوط ہوتے ہیں اس ملک کی ترقی ہوتی رہتی ہے۔ ایسے میں ہم سب کو بیدار رہنا پڑے گا اور مقصد کی جانب بڑھنا پڑے گا۔
غور طلب ہے کہ انتخاب سے قبل آر ایس ایس نے کئی مرتبہ ایودھیا میں رام مندر بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔ آر ایس ایس نے مودی حکومت سے کہا تھا کہ جتنی جلدی ہو سکے رام مندر بنائے۔ بی جے پی نے 2014 اور 2019 میں اپنے انتخابی منشور میں بھی اسے شامل کیا تھا۔
دراصل ادے پور میں راشٹریہ سوم سیوک سنگھ کی جانب سے ایک تعلیمی پروگرام چل رہا ہے جس میں موہن بھاگوت نے بھی شرکت کی۔