ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے گھاٹ گیٹ علاقے میں واقع قبرستان کی زمین پر ایک مسجد کا تعمیراتی کام جاری ہے، جس کی وجہ سے مسلم تنظیمیں بھی اس کام کی مخالفت کر رہی ہیں۔
اس تعلق سے راجستھان حج ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے راجستھان مسلم وقف بورڈ کو ایک خط بھی لکھا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ قبرستان کے لیے وقف کی ہوئی زمین پر جو مسجد کا توسیعی کام جاری ہے وہ شریعت کے اعتبار سے صحیح نہیں ہے۔
اس ضمن میں مفتی کرام کی جانب سے فتویٰ بھی جاری کیا گیا ہے کہ جو بھی زمین قبرستان کے لیے وقف کردی جائے اس پر مسجد کی تعمیر نہیں ہوسکتی ہے، اس لیے اس مسجد کے توسیعی کام کو فوری روکنے کا حکم صادر کیا جائے۔
راجستھان مسلم وقف بورڈ کو لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا کہ وقف بورڈ کے ملازمین اور مسجد کمیٹی کے ذمہ داروں کے اتفاق سے ہی یہ تعمیراتی کام ہو رہا ہے۔
دراصل جے پور کے گھاٹ گیٹ علاقے میں واقع قبرستان کے ایک کونے میں مسجد تعمیر ہو رہی ہے اور مسجد کی جگہ کم ہونے کی وجہ سے علاقے کے مقامی باشندوں اور مسجد کمیٹی کی جانب سے مسجد کو وقف بورڈ کی زمین پر تعمیر کروایا جا رہا ہے۔ جب کہ تعمیری کام بنا وقف بورڈ کی اجازت کے ہی کیا جا رہا ہے۔ جس کی وجہ سے مسلم تنظیمیں اس کی مخالفت کر رہی ہیں۔