ریاست مدھیہ پردیش میں ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے گوٹے گاؤں میں مرکزی وزیر برائے اسٹیل فگن سنگھ کلستے سے خصوصی گفتگو کی۔
گفتگو میں انہوں نے خاص طور پر وزیر اعظم نریند مودی کے 'آتم نربھر بھارت' پر تبادلہ خیال کیا۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ' مودی حکومت اس عالمی وبا میں جو بے مثال جرات مندانہ قدم اٹھارہی ہے اسے آج پوری دنیا میں بطور مثال دیکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ' وزیر اعظم نے 20 ہزار کروڑ کی امدادی رقم دی ہے۔ آج تک کسی بھی ملک نے بڑی سے بڑی تباہی میں اتنی بڑی رقم امداد نہیں دی۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ' مرکزی حکومت اس مصیبت کی گھڑی میں ملک کے ہر شہری کی صحت کے تعلق سے کافی فکر مند ہے۔ مہاجر مزدوروں کو ایک ریاست سے دوسری ریاست بھیجنے کا انتظام کیا جارہا ہے۔ مرکزی حکومت نے انہیں تین ماہ کے راشن کے انتظامات کرا رکھے ہیں۔ آنے والی کسی مصیبت میں بھی حکومت امداد کا اعلان کرے گی، جو ملک کے ضرورت مند اور غریبوں کو بروقت پہنچایا جائے گا۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ مزدوروں کے لئے کھانے پینے کا انتظام کیا گیا ہے ساتھ ہی خاطر خواہ آمدورفت کا انتظام کیا گیا ہے۔ ملک میں تقریبا 80 کروڑ افراد بی پی ایل کارڈز رکھتے ہیں، انہیں 3 ماہ کا راشن دیا گیا ہے، حکومت باقی لوگوں کے تعلق سے بھی کافی فکر مند ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ صنعتوں کے بند ہونے کے سبب کافی بڑا نقصان ہوا ہے۔مالی ریلیف پیکیج میں ان کی مدد کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نے تجاویز کی بنیاد پر ان حالات سے نمٹنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس کے علاوہ ہر قسم کی صنعتوں کے لئے مختلف ایکشن پلان بنائے جارہے ہیں۔
مختلف شعبوں کے لئے بھی امدادی پیکیج کا اعلان کیا جا چکا ہے، جس سے ملک کی معاشی حالت کو درست کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہے۔
اس معاشی پیکیج کے اعلان کے بعد وزیر اعظم نے ملک کے صنعت کاروں، کسانوں، غریبوں اور مزدوروں کے لئے 40 ہزار کروڑ کا ایک بڑا پیکج تیار کیا ہے، جس سے ہر طبقے کے فائدے کے ساتھ اس بحران سے نکالنے میں معاون و مدد گار ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں دوسرے ممالک سے صورتحال بہتر ہے۔ ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی کی صحیح سوچ اور بہتر فیصلےکی وجہ سے ہی آج بھارت سیاست سے ہٹ کر انسانیت کی کی بقا کے لیے ایک ساتھ کھڑا ہے۔