مدھیہ پردیش کے اندور میں تین سو سے زیادہ لوگوں سے ماسک نہیں پہننے پر جرمانہ وصول کیا گیا۔
نگر نگم کمشنر پرتیبھا پال نے بتایا ہے کہ ضلع میں کورونا کی تیسری لہر کی دستک کے پیش نظر انفیکشن سے بچاؤ کی ہدایات کی سختی سے پیروی کرانا شروع کیا گیا ہے۔ اسی لئے جمعہ کو نگر نگم کے حدود کے سبھی انیس زون دفاتر نے زبردست مہم شروع کی۔
اس دوران عوامی مقامات پربغیر ماسک کے گھومتے پائے گئے تین سو سے زیادہ لوگوں پر ’اسپاٹ فائن‘ کیا گیا۔ ان سے ساٹھ ہزار سے زیادہ کی رقم وصول کی گئی۔
وزارت صحت وخاندانی فلاح وبہبود کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک میں 46,232 نئے معاملے سامنے آئے اور متاثروں کی تعداد بڑھ کر 90.50 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔ اس دوران 49,715 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جسے ملا کر مجموعی طور سے کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد اب 84.78 لاکھ ہوگئی ہے۔ اس مدت میں 564 اور مریضوں کی موت ہونے سے مرنےوالوں کی تعداد بڑھ کر 1,32,726 ہوگئی ہے۔ ملک میں سرگرم معاملوں کی شرح کم ہوکر 4.85 فیصد پر آگئی ہے اور اموات کی شرح بھی کم ہوکر 1.46 ہوگئی ہے۔