تلنگانہ حکومت نے حکم جاری کیا ہے کہ مالک مکان کرایے کے مکانات میں رہائش پذیر افراد سے تین ماہ کے لئے کرایہ موخر کریں۔ یہ حکم چیف سیکریٹری سومیش کمار نے کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق جاری کیا ہے۔
اس موقع پر یہ واضح کیا گیا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کارروائی کے حصے کے طور پر لاک ڈاؤن کو نافذ کرنے کے نتیجے میں مالی مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔
اس کو مد نظر رکھتے ہوئ حکم جاری کیا کہ مکان دار اپنے کرایہ داروں سے تین ماہ تک کا کرایہ موخر کریں۔ اور بعد میں اسے قسطوں میں حاصل کریں۔
حکومت نے اس سلسلے میں ضلع کلکٹرز اور میونسپل کمشنرز کو اختیارات تفویض کردیئے ہیں۔ حکومت نے کہا کہ جو لوگ کرایہ ادا نہیں کرتے انہیں ہراساں یا گھر سے نکالا نہیں جانا چاہئے۔
حکم نامے میں یہ واضح کیا گیاکہ خلاف ورزی کرنے والے مکان داروں کو متعدی امراض ایکٹ، 1897 اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کی دفعات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ بلدیہ کے احکامات میں یہ بتایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعلی کے چندرشیکھر راو نے کچھ دن قبل اس ضمن میں میڈیا کے سامنے اعلان کرتے ہوئے مکان داروں سے کہا کہ وہ مارچ اپریل اور مئی مہینوں کے کرایہ کو موخر کریں اور اسے بعد میں اقساط میں حاصل کریں۔
اس موقع پر انھوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ بعد میں ادا ہونے والے کرایے میں سود کی شکل میں زیادہ رقم بھی ہرگز نہیں لی جاسکتی۔