وائی ایس شرمیلا نے تلنگانہ کے نوجوانوں کو نظر انداز کرنے کا ریاستی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے شہر حیدرآباد کے اندرا پارک کے قریب یک روزہ بھوک ہڑتال کی اور ریاست کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائی ایس شرمیلہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راو نے تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دینے کے لیے چلائی گئی تحریک کے دوران ریاست کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم سرکاری ملازمتوں کو پُر کرنے کے لیے اعلامیہ جاری نہ کرتے ہوئے ریاست کے نوجوانوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملازمت کی امید میں کئی نوجوانوں کی موت ہو رہی ہے، کئی نوجوان خودکشی کرنے پر مجبور ہیں، شرمیلا نے حال ہی میں کھمم ضلع میں منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام میں اعلان کیا تھا کہ وہ ریاست کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے مطالبہ پر بھوک ہڑتال کریں گی۔
واضح رہے کہ شرمیلا آندھراپردیش کے موجودہ وزیراعلیٰ و وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی بہن اور متحدہ اے پی کے سابق وزیراعلیٰ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی دختر ہیں، جنہوں نے تلنگانہ میں اپنی نئی سیاسی جماعت کے ذریعہ سیاسی اننگز کی شروعات کرنے کا اشارہ دیا تھا۔
(یو این آئی)