حیدرآباد میں دہلی کی طرز پر فسادات کی سوشل میڈیا پر افواہ پھیلانے والے شخص کو بنجارہ ہلز پولیس نے گرفتار کر لیا۔
افواہ پھیلانے والے اس شخص کی شناخت رحمت شریف کے طور پر کی گئی۔ رحمت نگر کے ساکن 28 سالہ آٹو ڈرائیور رحمت شریف نے دو روز قبل سوشل میڈیا پر ایک آڈیو میسیج دیا تھا جس میں اس نے حیدرآباد میں دہلی کی طرز پر فسادات ہونے کی افواہ پھیلائی۔
یہ میسیج وہاٹس ایپ پر خوب وائرل ہوا لوگ اس میسیج کو شیئر کررہے تھے، محض دو دن میں یہ میسیج ریاست بھر میں وائرل ہوگیا جس سے عوام تشویش میں مبتلا ہو گئے۔
پولیس کمشنر نے اس آڈیو کا سخت نوٹ لیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے شہر میں کسی طرح کی شر انگیزی کے ہونے کی تردید کی اور عوام سے اس طرح کی افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل کی۔
کمشنر نے اپنے ٹویٹر کے ذریعے خاطی کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کرنے کا تیقن دیا تھا۔ کمشنر کے پیغام کے بعد پولیس حرکت میں آگئی اور اس شخص کا سراغ لگاتے ہوئے گرفتار کرلیا۔
مشرقی دہلی میں ہوئے فسادات و تشدد نے ساری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
پچاس سے زیادہ افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے تھے جبکہ ہزاروں لوگ فسادات سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ کسی شخص کا گھر جلادیا گیا ہے تو کسی کی دکان۔ کئی افراد بے روز گارہوگئے ہیں۔