گیاس سلنڈرس کی سربراہی کرنے والی ایجنسیز کی جانب سے ریاست تلنگانہ وآندھرا پردیش میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب تک جس انداز میں گیاس کی ڈیلیوری انجام دی جاتی تھی اس طرح سے گیاس نہیں لائی جائے گی بلکہ اپارٹمنٹ یا مکان کے باب الداخلہ پر ہی گیاس حوالہ کردی جائے گی۔
کورونا وائرس کی وباء سے متاثرہ مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے گیاس سربراہ کرنے والی ایجنسیوں نے اپنے عملہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ گھروں میں داخل نہ ہوں اور باب الداخلہ یا اپارٹمنٹ کی گیٹ پر ہی گیاس حوالہ کردیں تاکہ وائرس کے خدشات کو روکا جاسکے اور احتیاط کو یقینی بنایا جائے ۔
بھارت گیاس‘ انڈین گیاس اور بھارت پٹرولیم کی گیاس سربراہ کرنے والی ایجنسیوں نے یہ فیصلہ کیا ہے۔
تلنگانہ آندھرا گیاس ڈیلرس اسوسیشن کے صدر شرون راؤنے بتایا کہ دونوں ریاستوں میں تیزی سے پھیل رہے کورونا وائرس کو دیکھتے ہوئے ڈیلرس نے فیصلہ کیا ہے کہ عملہ اور گیاس لانے والی ٹرالیوں اور سلنڈرس کو جراثیم کش ادویات سے صاف کرتے ہوئے مکان کے باب الداخلہ پر ہی اسے حوالہ کریں گے۔
سابق میں کئی مکانات میں ڈیلیوری کرنے والے عملہ کی جانب سے گیاس باورچی خانہ تک پہنچاتے ہوئے سلنڈر تبدیل کیا جاتا تھا لیکن اب اس عمل پر پابندی عائد کردی گئی ہے کیونکہ سلنڈر پہنچانے کیلئے ڈیلیوری عملہ کئی علاقوں اور گھروں تک پہنچتا ہے اسی لئے شہریوں کو اور عملہ کو محفوظ رکھنے کیلئے یہ اقدام کیا گیا ہے۔ڈیلرس نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ اس فیصلہ کا احترام کرتے ہوئے تعاون کریں۔