تیلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے متاثرین کو حکومت کی جانب سے اعلان کردہ مالی مدد نہ ملنے پر اُپل علاقہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے دفتر کے سامنے بڑی تعداد میں متاثرین نے احتجاج کیا۔
مظاہرین نے ان کو مالی مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاجیوں میں خواتین کی بڑی تعداد شامل تھی جو سڑک پر بیٹھ گئیں اور الزام لگایا کہ حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والوں کو ہی امدادی رقم دی گئی اور حقیقی متاثرین تک یہ رقم نہیں پہنچی۔
مظاہرین کی بڑی تعداد نے دفتر جی ایچ ایم سی میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے ان کوروک دیا۔
واضح ہو کہ اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں ریاست میں ہوئی مسلسل بارش کے بعد حیدرآباد میں سیلاب سے 50 سے زائد لوگ ہلاک اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ بے گھر ہو گئے تھے۔