اترپردیش کے غازی آباد میں پولیس سات ماہ قبل سمیر قتل کیس Sameer Murder Case میں ملوث ندیم عرف گھوڑا کو پکڑنے میں ناکام ثابت ہوئی تھی۔ اب پولیس نے ملزمان کے گھر کی قرقی کی کارروائی شروع کردی ہے۔ ملزم کے گھر کے سامنے اعلان کرانے کے بعد گھر پر دفعہ 82 کا نوٹس چسپاں کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 10 جولائی 2021 کو غازی آباد شہر کی کچی سرائے کالونی کے رہائشی 19 سالہ شہزاد کے بیٹے سمیر کو اغوا کرکے گولی مار کر قتل کرنے کے بعد قبرستان کے قریب پھینک دیا گیا تھا۔ پولیس اسٹیشن انچارج ستیش کمار کے مطابق قتل کیس کا انکشاف کرتے ہوئے سابق ایم ایل اے وہاب چودھری اور ان کے بھتیجے احد کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
سابق ایم ایل اے وہاب چودھری اب ضمانت پر باہر ہیں۔ اس کیس میں ندیم عرف گھوڑا ساکن کوٹ کالونی مفرور ہے۔ سات ماہ سے زائد کا عرصہ گزرنے کے بعد بھی ملزم پولیس کی گرفت سے دور ہے۔
اسٹیشن انچارج نے بتایا کہ عدالت نے ندیم کے اٹیچ وارنٹ (قرقی وارنٹ) جاری کر دیئے ہیں۔ ندیم کے گھر کے سامنے منادی اور لاؤڈ اسپیکر سے اعلان کرتے ہوئے ان کے گھر پر دفعہ 82 کا نوٹس چسپاں کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ اب بھی نہ پکڑے گئے تو ان کے مکان کی قرقی کی کارروائی کی جائے گا۔