اس میں قتل ، قتل کی کوشش ، اغوا اور شراب کی تسکری کرنے جیسے جرم درج ہیں۔ عدالت سے جن کے خلاف وارنٹ جاری ہے انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔
ضلع گیا میں حال کے دنوں میں مجرموں کا گڑھ اور محفوظ حلقہ بننے والے مانپور کے مفصل تھانہ اور بنیاد گنج تھانہ حدود میں گزشتہ رات ایس ایس پی راجیو مشرا کی ہدایت پر بنائی گئی پولیس کی خصوصی ٹیم نے ایڈیشنل ایس پی کی قیادت میں چھاپے ماری کی۔
بنیادگنج اور مفصل تھانہ حدود سے کل تیس افراد کو پولیس کی ٹیم نے گرفتار کیا ہے۔ بنیاد گنج اور مفصل تھانہ حدود میں گزشتہ کچھ مہینوں میں مجرمانہ واردات میں اضافہ ہوا ہے۔ ان علاقوں میں بدمعاشوں نے پولیس کی نیند اڑا رکھی تھی۔ قتل ، لوٹ ، اغوا جیسے کئی سنگین واردات اس علاقے میں ہو چکے ہیں۔ اس میں ایک اسکولی طالب علم کا اغوا کرکے قتل کرنے کامعاملہ بھی شامل ہے۔ بنیاد گنج اور مفصل تھانہ علاقوں میں بڑھتے مجرمانہ واقعات کے پیش نظر ایس ایس پی راجیو مشرا نے فرار بدمعاش سمیت شراب تسکر اور علاقے میں کشیدگی پیدا کرنے والوں کے خلاف پولیس کی ٹیم بنا کر چھاپے ماری کی ہدایت دی تھی۔ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے تیس مجرموں کو گرفتار کیا ہے۔
ایس ایس پی راجیو مشرا نے بتایا کہ چھاپے ماری میں گرفتار مجرموں میں پانچ خونخوار مجرم ہیں جن کے خلاف قتل اور کئی سنگین واقعات تھانوں میں درج ہیں، اسکے علاوہ تین مجرموں پر قتل کی کوشش کرنے کاالزام ہے۔ اسکے علاوہ بقیہ مجرموں میں لوٹ ، چوری ، شراب تسکری اور عدالت سے جن کے خلاف وارنٹ جاری ہے انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں بڑھتے جرائم پر قابو پانے کے لیے تھانوں کو سخت ہدایت دی گئی ہے، جن جرائم میں مجرموں کی گرفتاری ابھی تک نہیں ہوئی ہے انہیں جلد گرفتار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ایس ایس پی نے یقین دلایا کہ ضلع میں امن کی فضاء قائم ہوگی۔ بدمعاشوں کی فہرست تیار کی گئی ہے جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیم بنائی گئی ہے۔ جس میں اعلی افسران سمیت ان کے دفترکے تکنیکی شاخ کے افسران و جوان بھی شامل ہیں۔ انہوں نے ارشاد اور محمد راشد کے قتل معاملے پر بھی کہا کہ کاروائی جاری ہے۔جلد ہی دونوں قتل کا انکشاف کر لیا جائیگا۔