بہار کے ضلع گیا میں واقع شیر گھاٹی میں تعینات سب انسپکٹر ددن پرساد کو معطل کر دیا گیا ہے، ددن پرساد لاک ڈاون کے دوران شیر گھاٹی میں کی گئی پولیس کارروائیوں کو لے کر بھی تنازع میں رہے ہیں، اس کے علاوہ ان پر سینیئر افسران کے احکامات کو نظر انداز کرنے کا بھی الزام ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 21 اپریل کو شیرگھاٹی میں ایک وکیل اور اس کے اہل خانہ کے ساتھ پولیس زیادتی کے فورا بعد سب انسپکٹر کو امام گنج پولیس سب ڈویزن کے چھکربندھا پولیس اسٹیشن میں تبادلہ کردیا گیاتھا۔
اس معاملے میں شیرگھاٹی کے گولابازار روڈ کے رہنے والے ایڈوکیٹ پیر محمد اور چار دیگر رشتہ داروں کو گرفتار کیاگیا تھا جس میں دوخاتون بھی شامل تھیں، سب انسپکٹر ددن پرساد کی طرف سے وکیل اور انکے گھر والوں پرپولیس پرحملہ کرنے کامبینہ الزام لگایا گیا تھا، جبکہ سی سی ٹی وی ویڈیو فوٹیج نے اس واقعے کے کچھ دن بعد پولیس کی جانب سے لگائے الزامات پر سوالات اٹھائے تھے۔
سب انسپکٹر کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے شیرگھاٹی کے اے ایس پی رویش کمار نے کہا کہ سینئر افسر کے حکم کی خلاف ورزی اور پوسٹنگ کے مقام پر ڈیوٹی جوائن نہیں کرنے کے الزامات کے تحت یہ کارروائی کی گئی ہے۔