گیا میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران متعدد افراد اس وبا کی زد میں آچکے ہیں۔
گیا مگدھ میڈیکل کالج کے پرنسپل ، ڈلہا تھانہ کے داروغہ ، میونسپل کارپوریشن کا ایک ملازم، سول کورٹ کا ایک اسٹاف، شیر گھاٹی جیل میں بند ایک قیدی سمیت کل چھ افراد کو ٹرونیٹ مشین کے ذریعہ کورونا تحقیقات میں مثبت پائے گئے ہیں ۔
اس کی تصدیق مگدھ میڈیکل ہسپتال میں کووڈ ۔19 کے نوڈل آفیسر ڈاکٹر این کے پاسوان نے کی ہے۔ حالانکہ پٹنہ سے آر ٹی پی سی آر کی تصدیقی رپورٹ کا انتظار ہے۔ وہاں سے رپورٹ آنے کے بعد ہی یہ کہا جا سکتا ہے کہ وہ کورونا کے مریض ہیں یا نہیں۔
راحت کی خبر یہ ہے کہ مگدھ میڈیکل کالج و ہسپتال میں زیر علاج چھ اور بودھ گیا آئیسولیشن وارڈ میں داخل آٹھ افراد کو کورونا انفیکشن سے ٹھیک ہونے پر ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ اسکے علاوہ آرٹی پی سی آر پٹنہ سے تین افراد کی بھی رپورٹ مثبت آئی ہے۔
سول سرجن ڈاکٹر برجیش کمار نے بتایا کہ پٹنہ سے کل 316 افراد کی رپورٹ منفی آنے کے علاوہ پہلے سے زیر علاج آٹھ افراد کی بھی رپورٹ منفی آئی ہے، جنہیں آج ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا جاِئیگا۔ انہوں نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن گیا کے ریونیو برانچ کے کلرک کی کورونا تحقیقاتی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ اس سے قبل 21 جون کو ڈپٹی میئر ٹرونیٹ مشین سے جانچ میں مثبت پائے گئے تھے۔ ان کی رپورٹ ابھی تک پٹنہ سے نہیں آئی ہے۔ منگل کے روز ٹرونیٹ کے ذریعہ میونسپل کارپوریشن کمشنر کی بھی جانچ کی گئی تھی۔ جس میں ان کی رپورٹ منفی آئی ہے۔
واضح ہو کہ ضلع گیا میں دو پولیس جوان، ایک داروغہ، ایک اے ڈی ایم، دو بینک ملازم، میونسپل کارپوریشن کے دو افراد سمیت کورٹ کے ایک اسٹاف کی اب تک رپورٹ مثبت ہو چکی ہے۔ حالانکہ کلکٹریٹ کے اے ڈی ایم کورونا سے فتح حاصل کر صحتیاب ہو چکے ہیں۔