ریاست بہار کے اسمبلی انتخابات کے ووٹنگ کے بعد اب ملک بھر کی نظریں دس نومبر کو آنے والے نتائج پر مرکوز ہیں، ضلع گیا کے دس اسمبلی حلقوں کے ووٹوں کی گنتی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
گیا کے دس اسمبلی حلقوں کے لیے شہر گیا کے تین مقامات پر کاؤنٹنگ مراکز بنائے گئے ہیں، جس میں گیا کالج، جگ جیون کالج مان پور اور انوگرہ میموریل کالج علی گنج شامل ہے، یہاں حفاظتی نقطہ نظر سے بھی تیاریاں کی گئی ہیں، کاؤنٹنگ مراکز کے باہری حصے کو بریکیٹنگ کرکے حصار کیا گیا ہے، جہاں پر ضلع پولیس کے ساتھ مرکزی فورسز کی تعیناتی ہوگی۔
گیا الیکشن افسر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ نے کاؤنٹنگ سے قبل تینوں مرکز پر پہنچ کر تیاریوں کا جائزہ لیا، انہوں نے کہا کہ تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں، صبح چھ بجے کاؤنٹنگ مرکز پر تمام عملہ کو آنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں بتایا کہ دس اسمبلی حلقے کے لیے سپروائیزر بھی آچکے ہیں، صبح ساڑھے سات بجے ای وی ایم روم کھلیں گے، آٹھ بجے سے بیلٹ پیپرز کی گنتی شروع ہوگی اور اسکے بعد ساڑھے آٹھ بجے سے ای وی ایم مشین سے بھی ووٹوں کی گنتی شروع ہوجائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ سیکوریٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، تین کارڈن سسٹم سیکورٹی ہوگی، جس میں کاونٹنگ ہال سے متصل علاقوں کی نگرانی سی آئی ایس ایف کے ہاتھوں میں ہوگی، دفعہ 144 نافذالعمل ہوگا، کسی کو موبائل فون، پینسل اور دیگر سامان لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، کورونا وبا کو لیکر آراو کے ذریعے سبھی امیدواروں کے ساتھ میٹنگ کرکے الیکشن کمیشن کے گائیڈ لائن بتا دییے گئے ہیں، کورونا سے بچاو کے لیے بھی سبھی انتظامات کردیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ضلع گیا کے دس اسمبلی حلقوں کے ووٹوں کی گنتی ہوگی، 28 اکتوبر کو پہلے مرحلے کے لیے گیا میں ووٹ ڈالے گئے تھے، گیا میں دیکھیں تو یہاں چار قدآور رہنماؤں پر سب کی نگاہیں مرکوز ہیں، جس میں امام گنج حلقہ سے این ڈی اے کی طرف سے ہم پارٹی کے امیدوار وسابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی جبکہ انکے مدمقابل آرجے ڈی کے امیدوار وسابق اسمبلی اسپیکر ادیے نارائن چودھری ہیں، اسکے علاوہ گیا شہری حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار و ریاستی وزیر پریم کمار اور بیلاگنج سے آرجے ڈی کے امیدوار وسابق ریاستی وزیر سریندر پرساد یادو شامل ہیں۔