ریاست بہارکےضلع گیا میں واقع کوتوالی تھانہ سے متصل حضرت عثمان شہیدؒ کے آستانہ پر دو روزہ عرس کا آغاز ہوا۔
حضرت عثمان شہیدؒ کا عرس تقریبا ڈھائی سو برسوں سے منایا جارہاہے، ہر برس عقیدت مند آستانہ پر آکر اپنی بے پایاں محبت کا ثبوت دیتے ہیں اور فیض حاصل کرتے ہیں۔
عرس مبارک کا انعقاد ہر برس ماہ محرم المحرام کی 25 اور 26 تاریخ کوکیا جاتاہے۔
عرس میں شہر گیا اور اسکے مضافات سے بڑی تعداد میں عقیدت مند شرکت کرتے ہیں، یہاں قومی یکجہتی، اور گنگا جمنی تہذیب کی بہترین روایت دیکھنے کوملتی ہے۔
حضرت عثمان شہید کے آستانے پربلاتفریق مذہب وملت عقیدت مندشریک ہوتے ہیں، عرس میں ضلع پولیس کی جانب سے بڑھ چڑھ کر برسوں سے حصہ لیا جاتارہاہے اور چونکہ آستانہ کوتوالی تھانہ سے متصل ہے تو عرس کے موقع پر پہلی چادر پولیس کی جانب سے پیش کی جاتی ہے۔
اس مرتبہ عرس کے موقع پر پہلی رات کو قوالی کااہتمام کیاگیا تھا، جس میں بمبئی کے مشہور قوال صوفی صابری برادرس نے اپنے صوفیانہ کلام سے سامعین کو محظوظ کیا اور دادوتحسین سے نوازے گئے۔
عرس کے موقع پر منعقد قوالی پروگرام کے لیے باضابطہ شمع روشن کرکے سنی وقف بورڈ پٹنہ کے سابق ایڈمنسٹیٹر سیدشارم علی، عثمان شہید کمیٹی کے سکریٹری سیدشاہ ذی قمر، جے ڈی یو کے اقلیتی سیل کے ضلع صدرشاہد اقبال خان وغیرہ نے افتتاح کیا۔
26 محرم الحرام کو جلسہ سیرت النبیؐ کاانعقاد کیا جا ئے گا، جس میں مشہور علماء وشعراء شرکت کریں گے۔
حضرت عثمان شہید وقف کمیٹی کے سکریٹری شاہ ذی قمر عرف بھولو نے بتایاکہ دوروزہ عرس کا آغاز قرآن خوانی سے ہوا۔
واضح رہے کہ حضرت عثمان شہید سنی کا آستانہ اور اسکا پورا رقبہ بہارسنی وقف بورڈ پٹنہ میں رجسٹرڈ ہے، جسکی وجہ سے عرس کے انتظامات کمیٹی کی جانب سے کئے جاتے ہیں۔