ضلع گیا کے تین بلاکس میں پنچایت الیکشن کے تحت ووٹنگ صبح آٹھ بجے سے جاری ہے۔ ابھی کہیں سے کسی طرح کے ناخوشگوار واقعات کی اطلاع نہیں ہے تاہم کئی بوتھس پر ای وی ایم مشین اور بایومیٹرک مشین خراب ہیں لیکن وہاں پراب پر امن ماحول میں ووٹنگ جاری ہے۔
ضلع گیا کے تین نکسل زدہ علاقوں میں پنچایت انتخابات کے ساتویں مرحلے کے تحت آج ووٹنگ ہورہی ہے ۔ اس میں بودھ گیا، ڈوبھی اور ٹنکوپا بلاکس شامل ہیں۔
بودھ گیا ڈوبھی اور ٹنکوپا بلاکس میں کل 36 پنچایتیں ہیں۔
جس میں ضلع پریشد، مکھیا، پنچایت سمیتی ممبر، سرپنچ، وارڈ ممبر اور پنچ کے 1112 عہدوں کے لیے 4069 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے تھے۔نکسل علاقہ ہونے کی وجہ سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
ضلع کے اعلی حکام صبح آٹھ بجے سے ہی کئی بوتھس پر پہنچ کر جائزہ لے رہے ہیں حالانکہ اس دوران کئی بوتھس پر بدنظمی اور ای وی ایم مشین بھی خراب ہوئیں تاہم اسے درست کر لیا گیا ہے اور ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔
ٹنکوپا بلاک کے ایک بوتھ پر لمبی قطار ووٹرز کی تھی یہاں ووٹروں نے کہاکہ وہ گاوں دیہات کی سرکار بنانے میں اپنے حق کا استعمال کرتے ہوئے اچھے اور ایماندار نمائندوں کے انتخاب کی کوشش میں ہیں۔
کہیں کام ہوئے ہیں تو کہیں ایک فیصد بھی کام نہیں ہوا ہے بلا تفریق کام کرنے والے نمائندوں کی ضرورت ہے واضح رہے کہ ضلع گیا میں کل چوبیس بلاکس میں دس مرحلے میں پنچایت الیکشن ہونے ہیں آج ساتویں مرحلے کی ووٹنگ ہورہی ہے۔