گیا: بہار اسٹیٹ شیعہ وقف بورڈ پٹنہ کے چیئرمین افضل عباس نے گیا شہر کے شیعہ اوقاف کا جائزہ لیا، خصوصاً انہوں نے میر شفاعت حسین وقف اسٹیٹ کے متعلق یہاں کے لوگوں سے حالات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ 'میر شفاعت حسین کا وقف اسٹیٹ کی زمین پر جو غاصبانہ قبضہ ہے، اس کی پوزیشن، کورٹ کے فیصلے اور دیگر کاغذات کا جائزہ لینے کے بعد خالی کرانے کی کارروائی شروع کردی جائے گی۔'
چیئرمین نے کہا کہ 'انہیں عہدہ سنبھالے ہوئے کچھ ہی دن گزرے ہیں جو انہوں نے بورڈ کے مسائل، ذرائع اور پیچیدگیوں کو سمجھنے میں صرف کیے، تاکہ وقف کے املاک کی ترقی میں تکنیکی وجوہات کی بنا پر رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے'۔
چیئرمین افضل عباس نے حکومت اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ترقیاتی منصوبوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ 'وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی سرپرستی اور ان کی ایما پر وقف اسٹیٹ کی فلاح و بہبود کا کام تیزی سے بڑھنے لگا ہے۔'
انہوں نے ای ٹی وی بھارت اردو کے ایک سوال کے جواب میں پہلے کے چیئرمین اور وقف بورڈ سے جڑے افراد پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ' قبل کے چئیرمین وقف کی املاک کو اپنی ذاتی جاگیر سمجھ بیٹھے تھے، تاہم اس روایت کو کم وقت میں توڑ دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں مخالفین ناموافق حالات پیدا کرنے کی کوشش میں ہے مگر مشن ڈیولپمنٹ جاری رہے گا'۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ شیعہ وقف بورڈ کے املاک کی ترقی اور قبضے سے آزاد ی کی کارروائی شروع کردی گئی ہے، مخالفین کی جانب رکاوٹیں کی جارہی ہے، لیکن بورڈ ان سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، دباؤ بنانے کے لیے کچھ لوگوں نے پٹنہ میں گزشتہ کل پتلا بھی نذر آتش کیا لیکن ہم پتلا نذر آتش کرنے والوں سے ذرا بھی نہیں گھبراتے، بلکہ میرے سامنے اوقاف کی جائیداد کی تحفظ اور حق و انصاف کے لیے کام کرنے کی پوری طاقت موجود ہے۔ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔ شیعہ وقف بورڈ کی ایک انچ زمین پر بھی کسی کا غاصبانہ قبضہ ہمیں منظور نہیں ہے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'بورڈ امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کے نام پر پٹنہ میں ایک ایسا ہسپتال قائم کرنا چاہتا ہے جہاں تمام طرح کی سہولت موجود ہو۔ ہسپتال میں ہندو مسلم، شیعہ سنی سبھی فرقے کے مریض کا علاج ہوگا جس سے پوری انسانیت فائدہ اٹھا سکے اور خدمت خلق کا حق ادا ہوسکے'۔
اس موقع پر سابق رکن اسمبلی و جے ڈی یو یوتھ کے صوبائی صدر ابھے کشواہا، بہار اسٹیٹ جدیو کے نائب صدر مولانا عمر نورانی، جے ڈی یو اقلیتی سیل کے ریاستی نائب صدر سید شاہ ذی قمر وغیرہ نے بھی وقف کے املاک کو بچانے کے قواعد تیز کرنے کی بات کہی ہے'۔