ضلع گیا میں کورونا وبا کے تعلق سے احتیاط کے طور پر پھر سے سختی اور بچاؤ کے کاموں میں تیزی لانے کی کوشش شروع کر دی گئی ہے۔ گیا میں گزشتہ تین ماہ سے کورونا کے ایک بھی نئے معاملے پیش نہیں آئے تھے۔ تاہم پانچ دن قبل آٹھ افراد کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے۔ سبھی افراد مہاراشٹر یا دوسری ریاستوں سے اپنے گھر آئے تھے۔ انتظامیہ بھی رپورٹ مثبت آنے کے بعد حرکت میں ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ نے ٹرین اور طیارہ سے آنے والے مسافروں کا کورونا ٹیسٹ کرانے کو لازمی قرار دیا ہے۔ گیا ریلوے جنکشن پر مہاراشٹر، تمل ناڈو اور پنجاب سے آنے والی ٹرینوں کے مسافروں کی جانچ کے بعد ہی گھر جانے کی اجازت ہے۔ اسٹیشن پر جانچ کے لیے کاونٹر پھر سے شروع کر دیا گیا ہے۔ ضلع میں نو سو روزانہ جانچ ہو رہی تھی تاہم اب اس کی تعداد بڑھاتے ہوئے بارہ سو کر دی گئی ہے۔ گیا میں آرٹی پی سی آر جانچ کو ہی ترجیح دی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی بڑے پروگرام، ہولی ملن پارٹی پر پابندی لگائی گئی ہے۔ سوشل ڈسٹینسنگ و ماسک لگانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ویکسینیشن مہم میں بھی تیزی لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ویکسینیشن کی تعداد میں نمایاں اضافہ کے لئے پینشن مستفدین کو ہر پنچایت میں کیمپ لگا کر ویکسین لگائی جائے گی۔ اس کا آغاز کل بیس مارچ سے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: خصوصی رپورٹ: ذہنی معذوروں کے ساتھ ہمارا رویہ
اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ نے کہا دوسری ریاستوں میں کورونا کے بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر کی جا رہی ہیں۔ محکمہ ہیلتھ کو مستعد رہنے کے ساتھ ہسپتالوں کے انتظامات کو درست کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ویکسینیشن میں تیزی لانے، ویکسین لگوانے کے لیے لوگوں میں بیداری لانے، وقت پورا ہونے کے باوجود جنہوں نے سکنڈ ڈوز نہیں لیا ہے انہیں سیکنڈ ڈوز ہرحال میں لگوانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
گیا میں اب تک 80340 افراد کو ٹیکہ لگایا جا چکا ہے۔ اس میں ہیلتھ ورکرز، فرنٹ لائن ورکز، پچاس برس عمر سے زیادہ کے لوگ اور بیماری والے افراد شامل ہیں