نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ 'کورونا سے لڑنے کا سب سے کارآمد ہتھیار ویکسین ہے۔ آج پوری دنیا کی حکومتیں اپنے شہریوں کوویکسین لگانے میں جنگی پیمانے پر مصروف ہیں۔ دہلی میں بھی دہلی حکومت نے ویکسینیشن پروگرام کے لیے جنگی پیمانے پر تیاریاں کی۔
!['مرکز نے ویکسینیشن پروگرام کا مذاق بناکررکھ دیاہے'](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/manish_2405newsroom_1621870327_537.jpg)
دہلی میں 45-18 عمر کے لوگوں کے لیے 400 اور +45 عمر کے لوگوں کے لیے 650 ویکسین سنٹر قائم کیے گئے۔ لیکن مرکز کی بدانتظامی اورویکسین کی کمی سے دہلی میں نوجوانوں کے لیے شروع کیے گئے مراکز کو بند کرنا پڑا ہے۔
یہ حالت دہلی میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں ہے۔ متعدد ریاستوں کے مختلف اضلاع میں ویکسین نہ ملنے سے نوجوانوں کے لیے مراکز کی شروعات بھی نہیں کی گئی ہے۔
نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ 'ویکسین کی کمی ہونے سے آج بھارت کورونا کی اتنی مارجھیل رہا ہے۔ اس کے لیے صرف مرکزی حکومت ذمہ دارہے۔ کیونکہ مرکزی حکومت ویکسین مینجمنٹ میں پوری طرح فیل ہوچکی ہے۔ جب دہلی حکومت نےمرکز سے نوجوانوں کے لیے ویکسین مانگی تومرکز نے صرف چارلاکھ ویکسین دے کر کہا کہ بقیہ ویکسین کے لیے فائزر، موڈرنا، جانسن اینڈ جانسن جیسی کمپنیوں کے ساتھ گلوبل ٹینڈر جاری کرو'۔
جب دہلی حکومت نے ویکسین کے لیے ان کمپنیوں سے بات کی توجواب ملا کہ وہ صرف مرکز سے ویکسین کے تعلق سے ڈیل کرے گی۔
نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ 'مرکزی حکومت نے بھارت کے ویکسینیشن پروگرام کامذاق بنارکھا ہے۔ مرکزی حکومت کو اس بحران کے تعلق سے سنجیدگی سے قدم اٹھاناچاہیے'۔