سابق خزانہ سکریٹری راجیو کمار کو نیا الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔
وہ اشوک لواسا کی جگہ لیں گے۔ اشوک لواسا نے اس ہفتے کے شروع میں استعفیٰ دے دیا تھا۔
راجیو کمار 31 اگست کو، جس دن اشوک لواسا اپنے دفتر سے چلے جائیں گے اس وقت ان کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
راجیو کمار کی تقرری ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب الیکشن کمیشن کورونا وائرس وبائی امراض کے درمیان بہار میں اسمبلی انتخابات کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔
جھارکھنڈ کیڈر کے 1984 بیچ کے آئی اے ایس افسر راجیو کمار کے پاس مختلف شعبوں میں عوامی پالیسی اور انتظامیہ میں تین دہائیوں سے زیادہ کا تجربہ ہے۔
اس کے قبل پبلک سیکٹر کے 10 بینکوں کو چار میں ضم کرنے میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
سیکرٹری برائے مالیاتی خدمات کے ڈھائی سال کے دوران انہوں نے جوابدہ اور ذمہ دار بینکنگ کو فروغ دینے کے لئے متعدد پالیسی فیصلے کئے۔
اپنے جرات مندانہ فیصلوں کے لئے مشہور راجیو کمار نے مالیات کے سکریٹری رہتے ہوئے بڑے پیمانے پر بینکوں کی بحالی کا کام انجام دیا ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے مالی شمولیت کے منصوبے کو آگے بڑھانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا، جس کا مقصد پردھان منتری جن دھن یوجنا، مدرا لون اسکیم جیسی اسکیموں کو عوام تک پہنچانا تھا۔
انہیں ایم ایس ایم ای سیکٹر کے لئے 59 منٹ کی قرضہ اسکیم شروع کرنے اور نافذ کرنے کے لئے بھی جانا جاتا ہے۔