فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر رمیش پوکھریال نشنک نے نئی دہلی میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے 12 ریاستوں میں واقع کیندریہ ودیالوں کی تعمیرشدہ 13 نئی عمارتوں کا افتتاح کیا اور 6 کیندریہ ودیالیہ کا سنگ بنیاد رکھا۔جس کی وجہ سے 20 ہزار سے زائد طلباء بڑے پیمانے پر تکمیل شدہ اس کام سے فیضیاب ہوں گے۔
اس تعمیر میں 350 کروڑ سے زائد کی لاگت آئی ہے۔ اس پروگرام کے دوران فروغ انسانی وسائل کی وزارت کے محکمہ برائے اسکولی تعلیم اور خواندگی کی سکریٹری محترمہ رینا رے، فروغ انسانی وسائل کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری اور کیندریہ ودیالیہ سنگٹھن کے چیئرپرسن آر سی مینا اور فروغ انسانی وسائل کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری جناب سنجے کمار بھی کیندریہ ودیالیہ سنگٹھن کے سینیئر افسران کے ہمراہ موجود تھے۔
ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے 19 مقامات پر خطاب کرتے ہوئے فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر رمیش پوکھریال نشنک نے کہا کہ کیندریہ ودیالیہ سنگٹھن حکومتی نظام کے اندر مہارت کا ایک ادارہ بن چکا ہے اور اس ادارے کا اعتراف اب بین الاقوامی پلیٹ فارم پر کیا جارہا ہے۔
انھوں نے متعلقہ پرنسپلوں، عملہ، والدین اور طلباء، مقامی اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی اور عوام کے دیگر نمائندوں کو پرجوش مبارکباد دی اور زور دے کر کہا کہ اس رفتار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کیندریہ ودیالیہ سنگٹھن جلد ہی ایک عالمی معیار کا ادارہ بن جائے گا۔
کیندریہ ودیالیہ سنگٹھن (کے وی ایس) کے کمشنر جناب سنتوش کمار مال نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں کیندریہ ودیالیہ کی نئی عمارتوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی۔