ملک بھر میں کورونا کی وبا سے بچنے کے لیے لاک ڈاؤن نافذ ہے اس دوران جو لوگ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں انہیں کورونا واریئر کا نام دیا گیا ہے۔ جہاں ڈاکٹرز کی حفاظت کے لیے نئے قانون بنائے جارہے ہیں اور انہیں دیگر سہولیات دسیتاب کرائی جارہی ہیں۔ اس کے برعکس جو لوگ سڑکوں کو صاف رکھنے کا کام کر رہے ہیں اور علاقوں میں صفائی ستھرائی کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں انہیں نہ تو وقت پر تنخواہ مل رہی ہے اور نہ ہی ان کی حفاظت کے لیے کوئی پی پی ای کٹ مہیا کیا گیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے این ڈی ایم سی کے ملازم نے بتایا کہ عام طور پر انہیں تنخواہ مہینے کی پانچ تاریخ تک مل جاتی تھی لیکن مارچ کے مہینے میں تنخواہ 24 تاریخ کو ملی جبکہ اپریل کی تنخواہ ابھی تک نہیں مل پائی ہے۔ یونین لیڈر نے بتایا کہ تمام ملازمین اپنی تنخواہوں پر ہی منحصر ہیں ایسے وقت میں جبکہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہیں اگر تب بھی تنخواہ میں دیری ہوگی تو اپنے گھر کے اخراجات کس طرح سے پورے ہوں گے'۔