کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کانگریس ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "وزیر اعظم نریندر مودی اپنے دو تین سرمایہ دار دوستوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے عوام کے ساتھ دھوکہ کررہے ہیں۔ ملک نے گزشتہ 70 برس میں جو کچھ کمایا ہے اس املاک کو وہ اپنے ان چند سرمایہ دار دوستوں کو سونپ کر نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کررہے ہیں اور ان صنعت کاروں کی من مانی کا راستہ کھول رہے ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو سمجھنا چاہیے کہ ان کی حکومت کی مالیاتی بدانتظامی کی وجہ سے ملک کی اقتصادی صورتحال بہت خراب ہوگئی ہے اور اس میں بہتری کے لیے انہوں نے جو راستہ منتخب کیا ہے، اس سے ملک کے اقتصادی حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آنے والی ہے۔ حکومت نے معیشت کو بہتر بنانے کے لئے غلط راستہ منتخب کیا ہے کوئی بھی محب وطن اس کی مخالفت کرے گا۔
مزید پڑھیں:'مہنگائی نے عام لوگوں کی کمر توڑدی ہے'
راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ملک نے سات دہائیوں میں جو کچھ کمایا ہے اور جو املاک بنائی ہے، وزیر اعظم نریندر مودی نے اسے اپنے اس فیصلے سے نجی ہاتھوں کو سونپ دیا ہے۔ یہ ملک کے نوجوانوں کے مستقبل پر سخت حملہ ہے۔ اس سے نوجوانوں کے مستقبل اندھیرے میں جارہا ہے اور ان کے لئے روزگار کے مواقع ختم ہورہے ہیں۔
( یو این آئی)