نئی دہلی: اب غالب انسٹی ٹیوٹ کے تمام انتظامی امور ادریس احمد ہی دیکھیں گے۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے چیرمین، سکریٹری اور تمام ممبران نے ڈاکٹر ادریس احمدکی کارگزاریوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ادریس احمد نے گزشتہ پانچ ماہ میں انسٹی ٹیوٹ کی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دیا ہے۔ ان کی فعالیت کو دیکھتے ہوئے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہی مستقبل میں اس انسٹی ٹیوٹ کو ترقی کی راہ پر لے جاسکتے ہیں۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے مستقل ڈائریکٹر منتخب ہونے پر پورے عملے نے انہیں مبارک باد پیش کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر ادریس احمد نے کہا کہ رضا حیدر صاحب کا انتقال ہم سب کے لیے بہت بڑا صدمہ اور انسٹی ٹیوٹ کے لیے چیلنج تھا لیکن مجھے خوشی ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ میں انسٹی ٹیوٹ کی سرگرمیاں قابلِ رشک رہیں۔ مستقبل کے لیے ہمارے پاس ایک شاندار لائحہ عمل ہے۔ مجھے امید ہے کہ جب ہم عملاً ان کو زمین پر اتاریں گے تو اس سے اردو زبان و ادب کو بڑی تقویت حاصل ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:
اترپردیش پولیس فیملی ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے دیوالی میلہ کا انعقاد
غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی نے کہا کہ ڈاکٹر رضا حیدر کا انتقال انسٹی ٹیوٹ کے لیے دھچکا تھا لیکن مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ ڈاکٹر ادریس احمد نے بہت کم مدت میں انسٹی ٹیوٹ کی ذمہ داریوں کو بڑی خوبی سے سنبھالا۔ مستقبل میں بھی ان سے ہی امید ہے کہ وہ انسٹی ٹیوٹ کو نئی ترقی کی طرف لے جائیں گے۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے پورے عملے نے ڈاکٹر ادریس احمد کوعہدے کی مبارکباد دی اوراپنا بہترین تعاون کایقین دلایا۔