نئی دہلی میں لاک ڈاؤن کے بعد لوگوں کی عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ ایسے میں پولیس کی ذمہ داری بھی بڑھ گئی ہے۔ دہلی پولیس لاک ڈاؤن کو سختی سے نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ ضرورتمندوں کو ضروری سہولیات بھی مہیا کرا رہی ہے۔
دہلی پولیس لوگوں کو اسپتال پہنچانے کے کام کو بھی انجام دے رہی ہے۔ پولیس کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ڈاکٹروں اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ فرنٹ لائن پر مصروف عمل ہے جس کا مقصد شہریوں کو اس وبائی مرض سے محفوظ رکھنا ہے۔
لاک ڈاؤن کے باعث ناہموار حالات میں ایمبولینس خدمات بھی مختلف مقامات پر متاثر ہے۔ ایسے میں دہلی پولیس نے سڑک کنارے بے ہوش پڑے شخص کو اپنی پی سی آر کے ذریعے ہسپتال میں داخل کرایا ۔وہیں نئی دہلی کے نیو اشوک نگر میں بار بار فون کرنے پر ایمبولینس کی عدم دستیابی پر پولیس خود حاملہ خاتون کو سنگین حالات میں اپنے پی سی آر میں بٹھاکر لال بہادر شاستری ہسپتال لے گئی جہاں خاتون نے ایک ننھی سی بچی کو جنم دیا ہے۔ اس طرح پولیس تمام تر مشکلات کے باوجود لوگوں کی مدد کرنے میں مصروف عمل ہے۔