کانگریس دہلی کے رہنما انل چودھری نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا،’آج بی جے پی ہیڈکوارٹر پر آنے کا مقصد خوابیدہ مودی حکومت کو بیدار کرنا ہے۔ بی جے پی نیند سے جاگے اور سرمایہ داروں کی جگہ کسانوں کا ساتھ دے۔ وزیراعظم نریندر مودی کو اقتدارملک کے عوام نے سونپا ہے، سرمایہ داروں نے نہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ 18۔19 دنوں سے دہلی کے بارڈر پر کسان اپنے خاندانوں، بچوں کے ساتھ ڈٹے ہیں۔ ان کا مطالبہ کیا ہے پورا ملک سن رہا ہے۔ ملک کا ایک ایک شہری ان کی آواز سن رہا ہے لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ ملک کے وزیراعظم ان کی بات نہیں سن رہے ہیں۔
چودھری نے کہا،’کسان کی آواز اٹھانے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔ کسان کا بیٹا ہوں، کسانوں کی لڑائی ہر قیمت پر لڑوں گا۔ یہ ملک کے ’ان داتاؤں‘ کی آواز ہے مودی جی، اسے سنیے! کسانوں کی آواز کو ان سُنی کرکے بھی آپ کسانوں کی آواز دبا نہیں پائیں گے۔
یو این آئی