ایوان میں جنسی جرائم سے بچوں کا تحفظ (ترمیمی) بل، 2019، پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے، محترمہ ہری داس نے کہا کہ یہ بہت تضاد ہے کہ یہ بل بی جے پی کی طرف سے آیا ہے، جس کے ایم ایل اے اناؤ ریپ معاملہ میں ملزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے پہلے ملزم ایم ایل اے پر کوئی کارروائی نہیں کی اور اب سپریم کورٹ کے دباؤ میں انہیں پارٹی سے باہر نکالا۔
ان کے اتنا کہتے ہی بی جے پی کے کچھ ممبر کھڑے ہوکر احتجاج کرنے لگے۔ وہ کچھ کہنے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن ان کی بات نہیں سنی جا سکی۔
بعد میں بحث کا جواب دیتے ہوئے خواتین و اطفال کی بہبود کی وزیر اسمرتی ایرانی نے محترمہ ہری داس کا نام لئے بغیر کہا کہ کانگریس ممبر کے الزامات سیاست پر مبنی تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی مودی حکومت نے کوئی قانون بنایا ہے، تو یہ نہیں کہا گیا ہے کہ کسی قانون ساز یا رکن پارلیمنٹ کو اس سے مستثنیٰ کردیا گیا ہے- چاہے وہ کسی نابالغ سے زیادتی سے متعلق قانون ہو یا بچوں کے جنسی جرائم سے متعلق کوئی قانون۔
ملیالم میں تقریر کرتے ہوئے محترمہ ہری داس نے کہا کہ بل میں بچوں سے جنسی زیادتی کرنے والے افراد کو سزائے موت کے التزام پر دوبارہ غور کیا جانا چاہئے ، کیونکہ سزائے موت کے خوف سے مجرم متاثرہ کو جان سے مارنے کی کوشش کرسکتا ہے ، جیسا کہ اناؤ معاملے میں بھی ہوا ہے۔ انہوں نے کہا ، ’’اناؤ معاملے میں متاثرہ خاندان کو نشانہ بنایا گیا۔ سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے ، لیکن متاثرہ شخص کے ساتھ اب تک انصاف نہیں کیا گیا ہے۔ ‘‘