کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آج دعویٰ کیا کہ ملک میں اقتصادی تباہی آرہی ہے لیکن حکومت اس جانب توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی حالت رہتی ہے تو آئندہ چھ ماہ میں ملک کے لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
راہل گاندھی نے پارلیمنٹ احاطہ میں میڈیا سے کہا کہ اقتصادی تباہی آرہی ہے یہ سونامی کی طرح ہے۔ بھارت کو نہ صرف کورونا وائرس بلکہ آئندہ آنے والی اقتصادی تباہی کے متعلق بھی تیاری کرنی چاہیے۔
کانگریس قائد نے کہا کہ وہ بار بار حکومت کو آگاہ کر رہے ہیں لیکن ان کی سنوائی نہیں ہو رہی ہے۔ مرکزی حکومت صرف بیوقوف بنا رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر یہی حالت رہی تو لوگوں کو آئندہ چھ ماہ میں کافی پریشانی سے گزرنا پڑ سکتا ہے۔
واضح ہو کہ گزشتہ کئی دنوں سے لگاتار راہل گاندھی مرکزی حکومت پر ملک کی اقتصادی صورت حال کو لیکر طنز کر رہے ہیں۔