نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت کے ذریعے اقلیتوں کی بہبود کے لیے کیے گئے کاموں کو بتانے کی ذمہ داری پارٹی کے مسلم ترجمانوں کو دی گئی ہے۔
اس کے مدنظر پارٹی کے مسلم ترجمان لائحہ عمل تیار کر رہے ہیں کہ کیسے مسلم رائے دہندگان تک پہنچا جائے۔
بی جے پی کے قومی ترجمان سید ظفرالاسلام نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "وزیر اعظم نریندر مودی کے عہد میں اقلیتوں کی بہبود کے لیے جتنی بھی اسکیم شروع کی گئی اس سے مسلمانوں کو بہت فائدہ پہنچا ہے اور یہ ہماری حصولیابیاں ہیں جنہیں ہم ان تک لے جائیں گے۔"
واضح رہے کہ ان دنوں بی جے پی مسلم ممالک سے بھارت کے بہتر رشتوں کی تشہیر بھی کر رہی ہے۔
بی جے پی کے قومی ترجمان کا کہنا ہے کہ مسلم ممالک سے رشتے اور ان کے ذریعے وزیراعظم نریندر مودی کو اعزاز سے نوازنا پورے ملک کے لیے قابل افتخار ہے، اسے ہم الیکشن کا موضوع نہیں بنائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں سید ظفرالاسلام نے کہا کہ مسلمانوں میں الگ تھلگ ہونے کا کوئی بھی احساس نہیں تاہم ان کے اندر ایک منفی سوچ ہے کہ وہ بی جے پی کو ووٹ دینا نہیں چاہتے اس سوچ سے انہیں باہر نکلنا ہوگا۔
باتوں باتوں میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی سے قربت مسلمانوں کے لیے بہتر ہوگی اور ان کے مستقبل کے لیے بھی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلمانوں کو کسی خاص پارٹی کا ووٹ بینک نہیں بننا چاہیے۔