آج شام دہلی کے اشوکا روڈ پر واقع صدر مجلس اتحاد المسلمین اسدالدین اویسی کی سرکاری رہائش گاہ پر ایک ہندو تنظیم کے کارکنوں نے توڑ پھوڑ کی۔
ہندو سینا نامی ایک گروہ کے پانچ ارکان کو پولیس نے حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کی دہلی کے اشوکا روڈ پر سرکاری رہائش گاہ میں توڑ پھوڑ کرنے پر حراست میں لیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (نئی دہلی) دیپک یادو نے کہا کہ اس واقعے میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر پانچ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سینٹرل وستا پروجیکٹ میں آنے والی عبادتگاہوں پر عدالت کا حکومت سے جواب طلب
اطلاعات کے مطابق تقریبا سات سے آٹھ افراد اویسی کی سرکاری رہائش گاہ پر پہنچے اور بنگلے کے باہر نام کی پلیٹ، چراغ اور کھڑکی کے شیشے توڑ دیے۔ اسدالدین اویسی فی الحال دہلی میں نہیں ہیں۔ اس پورے معاملے پر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی صدر کلیم الحفیظ نے پارلیمنٹ اسٹریٹ تھانہ میں ایک ایف آئی آر درج کرائی اور ہندو تنظیم کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ حراست میں لیے گئے افراد کے خلاف کاروائی نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مجلس کے اراکین نے پولیس اسٹیشن کے باہر نعرے بازی کی۔ اس موقع پر ہندو تنظیم کے اراکین پر سخت دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔