دار الحکومت دہلی کے چڑیا گھر سے ایک حیرت انگیز واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شخص شیر کے باڑے میں کود کر شیر کے ساتھ مستی کرنے لگا اور شیر نے بھی اس پر اچھلنے کی کوشش کی لیکن اس شخص کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق اس شخص کوکسی بھی قسم کی چوٹ نہیں پہنچی ہے اور اس شخص سے نظام الدین پولیس اسٹیشن میں پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔
ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے۔
اس شخص کا نام ریحان خان ہے جس کی عمر 28 برس ہے اور وہ دلی کے سیلم پور علاقے میں رہتا تھا۔ اس واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں کے رد عمل آنا شروع ہوگئے ہیں۔ کچھ لوگ اسے انسان کی ہمت قرار دے رہے ہیں جبکہ کچھ لوگ اسے پاگل پن قرار دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اسی ماہ کے ابتداء میں ایسا ہی واقعہ امریکہ کے شہر نیو یارک کے برانس چڑیا گھر میں پیش آیا تھا جہاں ایک خاتون تفریح کرتے کرتے شیر کے باڑے میں کود گئی جب شیر سامنے آیا تو اس نے اسے چھیڑنا شروع کیا لیکن کچھ دیر بعد وہ بحفاظت واپس آگئی۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوا تھا جس پر لڑکی کی بہت زیادہ تنقید کی گئی تھی شیر کو سب سے خطرناک جانور سمجھا جاتا ہے اس کے باوجود اس لڑکی نے تفریح کی خاطر شیر کے باڑے میں چھلانگ لگائی۔