تفتیش کے بعد پولیس نے گروہ کے ماسٹر مائنڈ اور ایک بینک ورکر سمیت سات ملزمین کو گرفتار کیا ۔ پولیس نے گرفتار ملزمین سے 18.96 لاکھ روپے ، پانچ اے ٹی ایم کارڈ ، 10 موبائل ، چار جعلی آدھار کارڈ اور کار برآمد کیا ہے۔
نوئیڈا زون کے ڈی سی پی راجیش ایس نے بتایا کہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے سیکٹر 2 واقع ایک بینک کے پاس سے فراڈ کرنے والے ملزمین روہتک کے رہائشی ستیش اور نریلا کے رہائشی پون کو گرفتار کیا ۔ ان سے تفتیش کرنے کے بعد پولیس نے جعلی آدھار کارڈ بنا کر لوگوں کے کھاتے میں گڑبڑی کرتے ہوئے کروڑوں کا فراڈ کرنے والے گروہ کو بے نقاب کیا۔
پولیس نے گینگ لیڈر کرن تنیجہ ، وکاس شرما ، ترون مہاجن ، راجنش یادو اور سچن کو گرفتار کیا ۔ تھانہ سیکٹر 20 نے ملزمین کے خلاف رپورٹ درج کرکے جیل بھیج دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ 71 سالہ خاتون نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرایا تھا۔جس کے بعد ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق یہ جعلی ادھار کارڈ کے ذریعے جعلی بینک اکاؤنٹ ہولڈرز بن کر بینک کھاتوں کے رجسٹرڈ موبائل نمبر بدل دیتے تھے اور نیٹ بینکنگ کے زریعے سونا خرید کر فروخت کرتے تھے۔دھیرے دھیرے کھاتے سے 44 لاکھ روپے نکال چکے تھے۔